سعودی عرب؛ ٹریفک حادثے میں ایک طالبعلم سمیت 4 طالبات جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 10 دسمبر 2023
سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں بھائی بہن بھی شامل ہیں، فوٹو: عرب میڈیا

سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں بھائی بہن بھی شامل ہیں، فوٹو: عرب میڈیا

ریاض: سعودی علاقے الجبیل میں ہونے والے ایک ٹریفک حادثے میں اسکول کی 4 طالبات اور نوجوان طالب علم جاں بحق ہوگئے۔ 

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے علاقے الجبیل کے صنعتی ایریا میں ایک کار سامنے آنے والی مسافر بس سے ٹکرانے کے باعث مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ کار میں 4 طالبات سوار تھیں جب کہ ایک نوجوان طالبعلم ڈرائیونگ کر رہا تھا۔

کار حادثے میں چاروں طالبات موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جب کہ ڈرائیور کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جس کے دماغ میں گہری چوٹیں آئی تھیں اور وہ نیم مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔

دوران علاج موت اور زیست کی کشمکش کے دوران وہ جان کی بازی ہار گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیونگ کرنے والا طالب علم اور ایک طالبہ بھائی بہن تھے جب کہ بقیہ 2 طالبات بھی رشتہ دار تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کار حادثے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ تاحال ٹریفک حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔