ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کیس کی لائیو نشریات کیلیے بلاول کی درخواست دائر
ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینا پورے عدالتی نظام پر دھبہ ہے، درخواستگزار بلاول بھٹو
ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کیس کی لائیو ٹیلی کاسٹ کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست بلاول بھٹو کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دائر کی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ صدارتی ریفرنس میرے والد آصف زرداری کی جانب سے دائر کیا گیا لہٰذا کیس کی سماعت براہ راست دکھائی جائے۔ عدالتی نظام پر لگے اس دھبے کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے ریفرنس کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے۔
مزید پڑھیں: ذوالفقارعلی بھٹو کی پھانسی کا معاملہ، صدارتی ریفرنس سماعت کیلیے مقرر
بلاول بھٹو کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ذوالفقار بھٹو کو ایک قتل کی سازش کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی، ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دے دی گئی لیکن ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے۔ بھٹو کا نظریہ روٹی، کپڑا اور مکان تھا۔
موقف اپنایا گیا کہ بھٹو نے تمام عمر قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کی، بھٹو کو پھانسی دینا پورے عدالتی نظام پر دھبہ ہے، عدالتی کارروائی پورے پاکستان کو دیکھنی چاہیے تاکہ شفافیت آئے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں کل ذوالفقار بھٹو کیس سماعت کے لیے مقرر ہے۔