السی کے بیجوں کا استعمال چھاتی کے سرطان کے خطرات کم کر سکتا ہے تحقیق

تحقیق کے نتائج چھاتی کے سرطان سے بچاؤ کے لیے غذا کے متعلق نئی تجاویز تک لے جا سکتے ہیں


ویب ڈیسک December 14, 2023

ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ السی کے بیجوں کا استعمال چھاتی کے سرطان کے خطرات میں کمی واقع کر سکتا ہے۔

امریکی ریاست نیبراسکا اور کینیڈا کے محققین کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق میں چوہیاؤں کو السی کے بیجوں کے تیل کا محلول دیا گیا۔ اس تیل میں لِگنینس نامی مرکب پایا جاتا ہے جو اجناس، تخم، گردی دار میوہ جات جیسی فائبر سے بھرپور غذاؤں اور کافی جیسے مشروبات میں پایا جاتا ہے۔

تحقیق میں دیکھا گیا کہ یہ مرکب پیٹ کے مائیکروبائیوم اور میمری گلینڈ مائیکرو آر این اے(جن کا تعلق چھاتی کے سرطان کی نمو سے ہوتا ہے) کے درمیان تعلق کی ابتداء کرتا ہے۔

مطالعے میں دیکھا گیا کہ جن چوہوں کو السی کے بیجوں کا تیل دیا گیا تھا ان میں چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہونے کے امکانات کم تھے۔

محققین کے مطابق تحقیق کے نتائج چھاتی کے سرطان سے بچاؤ کے لیے غذا کے متعلق نئی تجاویز تک لے جا سکتے ہیں۔

چھاتی کا سرطان امریکا میں کینسر کی سب سے عام قسم ہے اور ہر سال تقریباً تین لاکھ خواتین اس بیماری سے متاثر ہوتی ہیں۔

یونیورسٹی آف ٹورونٹو سے تعلق رکھنے والی تحقیق کی مصنفہ ڈاکٹر ایلینا ایم کومیلی کا کہنا تھا کہ اگر ان نتائج کی تصدیق ہوجاتی ہے تو غذا کے ذریعے چھاتی کے سرطان سے بچنے کے لیے مائیکروبائیوٹا نیا ہدف بن جائے گا۔

ماضی کے مطالعے میں اس بات کا علم ہو چکا ہے کہ لِگنینس اپنے اندر انسداد سوزش خصوصیات رکھتا ہےاور اس کے سبب جسم کم ایسٹروجن پیدا کرتا ہے جس کے نتیجے میں چھاتی کے سرطان کے خطرات میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں