شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ ریلیز، تھیٹرز کے باہر مداحوں کا رش

ویب ڈیسک  جمعرات 21 دسمبر 2023
فوٹو : فلم پوسٹر

فوٹو : فلم پوسٹر

 ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی 2023 کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی، سینما گھروں کے باہر مداحوں کا رش لگ گیا۔

شاہ رخ خان کے لیے سال 2023 کیریئر کا بہترین ترین سال ثابت ہوا، میگا اسٹارز کی دو فلمیں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ بلاک بسٹر ثابت ہوئیں جس کے بعد آج ان کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ بھی ریلیز ہوگئی ہے جس کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار تھا۔

راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ کا پہلا شو ممبئی کے مشہور سنگل اسکرین تھیٹر Gaiety Galaxy میں صبح 5 بجکر 55 منٹ ہر ہوا، جہاں مداحوں کے ہجوم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کے بعد ’ڈنکی‘ بھی سُپر ہٹ ہونے والی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مداحوں نے فلم ’ڈنکی‘ کی ریلیز کا جشن پٹاخوں اور ڈھول بجاکر کیا اور مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ شاہ رخ خان کی اگلی بلاک بسٹر فلم ہوگی۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ خان اپنے ساتھی اداکار سنیل شیٹھی کو رُلانے کیلئے تیار

بھارتی میڈی کے مطابق فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’ڈنکی‘ ریلیز کے پہلے دن 30 سے ​​35 کروڑ روپے تک کا بزنس کرسکتی ہے جبکہ اس فلم کا بجٹ صرف 120 کروڑ بتایا جا رہا ہے۔

راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ کو شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ تاپسی پنو، وکی کوشل اور بومن ایرانی سمیت دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔

فلم ’ڈنکی‘ کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو غیرقانونی طور پر بیرون ملک سفر کرتے ہیں، ’ڈنکی‘ محبت اور دوستی کی ایک ایسی کہانی ہے جسے جذباتی کہانی اور کامیڈی مناظر کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔