سوچ لیا تھا 'اسٹرنگز' کو اس کے عروج پر ختم کرنا ہے، بلال مقصود

ویب ڈیسک  اتوار 31 دسمبر 2023
گلوکار فیصل کپاڈیا اور بلال مقصود نے 2021 میں میوزیکل بینڈ ’’اسٹرنگز‘‘ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا : فوٹو : فائل

گلوکار فیصل کپاڈیا اور بلال مقصود نے 2021 میں میوزیکل بینڈ ’’اسٹرنگز‘‘ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا : فوٹو : فائل

  کراچی: معروف گلوکار و موسیقار بلال مقصود نے تین دہائیوں تک میوزک انڈسٹری پر راج کرنے والے اپنے مشہورِ زمانہ “اسٹرنگز” بینڈ کو ختم کرنے کی اصل وجہ بتا دی۔

حال ہی میں “اسٹرنگز” کے بانی اور گلوکار بلال مقصود نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس میں اُنہوں نے بینڈ کو توڑنے کے بارے میں کُھل کر بات کی۔

بلال مقصود نے کہا کہ “میرے اور فیصل کپاڈیا کے لیے اسٹرنگز بہت اہم اور خاص تھا، ہمیں معلوم تھا کہ اس بینڈ نے ایک نہ ایک دن ضرور ختم ہونا ہے کیونکہ ہر عروج کو زوال ہوتا ہے اور یہی دنیا کا نظام ہے”۔

گلوکار نے کہا کہ “میں نے اور فیصل کپاڈیا نے پہلے ہی سوچ لیا تھا کہ اسٹرنگز بینڈ کو اس کے عروج پر ہی ختم کریں گے اور ہم نے یہ فیصلہ اس بینڈ کو کامیاب بنانے کے لیے کیا تھا جبکہ لوگ ناکامی کے بعد ایسے فیصلے کرتے ہیں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “ہمیں سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کس طرح اس بینڈ کو ختم کریں، پھر اسی دوران کورونا وائرس آگیا، اس وبا کی وجہ سے ہم ایک بھی گانا نہیں بنا سکے اور ہم نے سوچا کہ ہم دو سال کا بریک لے لیتے ہیں لیکن پھر ہم سب نے ملکر مشورہ کیا کہ ہم اسٹرنگز بینڈ کو ختم ہی کردیتے ہیں، اس طرح ہمارا بینڈ اپنے زوال پر نہیں بلکہ عروج پر ہی ختم ہوگا”۔

بلال مقصود نے مزید کہا کہ “میرے اور فیصل کے درمیان کوئی لڑائی نہیں ہے، ہم آج بھی اچھے دوست ہیں لیکن ہم کبھی بھی ایک ساتھ کسی پراجیکٹ میں نظر نہیں آئیں گے”۔

مزید پڑھیں: فیصل کپاڈیا اور بلال مسعود کا ’’اسٹرنگز‘‘ بینڈ ختم کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ تین دہائیوں تک میوزک انڈسٹری پر راج کرنے والے اسٹرنگز گروپ کو کالج کے چار دوستوں نے 1988ء میں بنایا تھا جوکہ چند سال بعد ہی ٹوٹ گیا تاہم بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا نے بینڈ کو مزید آگے لے جانے کا فیصلہ کیا اور پھر 1990ء میں ایک البم کی مقبولیت کے بعد دوسرا البم بھی جاری کیا۔

اس بینڈ کو اصل پہچان تب ملی جب انہوں نے 2000ء میں گیت ’’دور‘‘ ریلیز کیا اور پھر کامیابی کا سفر طے کرتے ہوئے اس بینڈ نے دھانی، نجانے کیوں کوئی آنے والا ہے، آخری الوداع جیسے سپر ہٹ گیت پیش کیے۔

اس بینٖڈ کے کامیاب 33 سال کے بعد، بلال مقصود اور فیصل کپاڈیا نے 25 مارچ 2021 میں سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ہم اسٹرنگز بینڈ کو ختم کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔