ایپل کا تھرڈ پارٹی ایپس کے حوالے سے اہم اقدام
ایپل کیجانب سے یہ اقدام یورپی یونین کی طرف سے متعارف کرائے گئے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (ڈی ایم اے) کے جواب میں کیا گیا ہے
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے یورپی یونین کی جانب سے جاری کیے جانے والے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (ڈی ایم اے) کے جواب میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا۔
ایپل انسائیڈر کے مطابق ایپل کی جانب سے متعارف کرائے جانےو الے نئے ضوابط پر اتفاق کرنےو الے ای یو (یورپین یونین) ڈیویلپرز ایپ اسٹور کی حریف ایپ مارکیٹ پلیسز بنا سکیں گے۔ یہ اسٹورز ایسی ایپلی کیشنز استعمال کے لیے پیش کریں گے جو ایپل کے ایپ اسٹور کے علاوہ ہوں گی یا ان پر ایپل کے قواعد کا اطلاق نہیں ہوتا ہوگا۔
ایپل کی جانب سے کیے جانے والے اس اقدام کے بعد ڈیویلپرز ایپ اسٹور کنیکٹ اور ایپ اسٹور کنیکٹ اے پی آئی میں اپنی ایپلی کیشنز کو سیٹ اپ کرنے کے لیے نئے فیچرز استعمال کر سکیں گے۔آزمائش کے لیے جمع کرائی گئی ایپس نئے متبادل براؤزر انجنز، متبادل پے منٹ سروس پروائیڈر اینڈ ایکسٹرنل لنکنگ کو استعمال کر سکیں گے۔
اگرچہ یورپی کمیشن چاہتا تھا کہ ایپل آئی او ایس کو متبادل ایپ اسٹورز کے لیے کھولے، لیکن ایپل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر دیگر کمپنیوں نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔ اسپاٹیفائی، ایپک کے سربراہان اور ایکس باکس کے صدر کی جانب سے ایپل کے ڈی ایم اے کے اطلاق پر تنقید کی گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے ان نئی تبدیلیوں کا اطلاق مارچ 2024 سے ہوگا۔ یورپی کمیشن آئندہ ماہ ایپل کے اس اقدام کا جائزہ لے گا اور اگر ادارے نے کسی قسم کے عدم اطمینان کا اظہار کیا تو کمپنی کو مزید تبدیلیوں کے لیے کہا جا سکتا ہے۔