وفاق اور پنجاب میں حکومت کیلیے ن لیگ کے آزاد اراکین سے رابطے
قومی اور صوبائی اسمبلی کے 5 نومنتخب آزاد ارکان اسمبلی کی شہباز شریف سے ملاقات، ن لیگ میں شمولیت کا اعلان
ن لیگ نے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے آزاد اراکین سے رابطے شروع کردیے۔
عام انتخابات کے نتائج آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے حکومت سازی کے لیے جہاں دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں، وہیں وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے آزاد اراکین سے بھی رابطے جاری ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے آزاد اراکین سے خود رابطے کیے ہیں۔ انہوں نے نومنتخب آزاد اراکین اسمبلی کو ملاقات کے لیے اپنی رہائش گاہ بلایا ہے، جہاں شہباز شریف نومنتخب آزاد اراکین اسمبلی کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دیں گے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف نومنتخب آزاد اراکین کے اعزاز میں عصرانہ بھی دیں گے۔ شہباز شریف کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پر دعوت پر بلائے گئے آزاد اراکین میں نومنتخب اراکین پنجاب و قومی اسمبلی شامل ہیں۔
دریں اثنا سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے 5 ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ہے، جن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 195 سےعمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی شامل تھے۔
ملاقات کرنے والے تمام ارکان نے پارٹی قائد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا، جس پر شہباز شریف نے آزاد ارکان کا پارٹی میں شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے مبارک باد دی اور کہا کہ آپ کے جذبے کو سراہتا ہوں۔ آپ پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں۔
شہباز شریف کا اس موقع پر کہناتھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے۔ پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے، ان شا اللہ۔ اس موقع پر نومنتخب ارکان اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کے پرخلوص وژن، ترقی کے ایجنڈے اور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے۔