الخدمت کے تحت اہل غزہ  کیلیے مزید 105 ٹن امداد مصر پہنچ گئی

ویب ڈیسک  منگل 13 فروری 2024
چھٹی کھیپ  میں  45 ٹن تیار کھانا،30 ٹن خیمے، 25 ٹن ادویات اور 5 ٹن کمبل  شامل ہیں

چھٹی کھیپ میں 45 ٹن تیار کھانا،30 ٹن خیمے، 25 ٹن ادویات اور 5 ٹن کمبل شامل ہیں

 کراچی: الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت غزہ متاثرین کےلیے مزید 105 ٹن امدادی سامان پر مشتمل چھٹی کھیپ مصر پہنچ گئی۔

امدادی سامان کراچی ائرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے العریش ائرپورٹ مصر پہنچایا گیا، جو بعد ازاں رفح کے راستے سے غزہ پہنچایا جائے گا۔

alkhidmat aid for gaza 2

امدادی سامان روانگی کی تقریب میں پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد ربیعی، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، نائب صدر اعجاز اللہ خان، الخدمت کراچی کے منظر عالم  اور  دیگر ذمے داران سمیت این ڈی ایم اے کے عہدیداران نے شرکت کی۔

alkhidmat aid for gaza 3

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن، این ڈی ایم اے اور پاک فضائیہ(شاہین ائرپورٹ سروسز) کے تعاون سے غزہ متاثرین کے لیے بھجوائی گئی چھٹی کھیپ  میں  45 ٹن تیار کھانا،30 ٹن خیمے، 25 ٹن ادویات اور 5 ٹن کمبل  شامل ہیں اور الخدمت اِسی ماہ پاک بحریہ کے تعاون سے سمندر کے رستے مزید 400 ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کے لیے روانہ کرے گا۔

alkhidmat aid for gaza 4

انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت اور عوام  مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر نے اہل پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔