لاہور؛ شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپوٹرکاں والا کا بیٹا امیربالاج ٹیپو جاں بحق

ویب ڈیسک  پير 19 فروری 2024
مقتول امیربالاج ٹیپو کی یادگار تصویر ( فوٹو: ایکسپریس )

مقتول امیربالاج ٹیپو کی یادگار تصویر ( فوٹو: ایکسپریس )

لاہور: ملتان روڈ پر شادی کی تقریب  میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور دو  افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان روڈ پر واقع نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی شادی کی تقریب  میں فائرنگ  سے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیربالاج ٹیپو سمیت  تین افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری اسپتال منتقل کیا جہاں امیربالاج ٹیپو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

امیربالاج ٹیپو  کے  گن مینوں کی فائرنگ سے حملہ آور موقع ہی پر مارا گیا۔

فائرنگ کے بعد امیربالاج ٹیپو اور دیگر زخمی دو افراد عثمان اکبر اور فردین بٹ کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی  پولیس کی بھاری  نفری  جناح اسپتال کے باہر تعینات کردی گئی  تھی، اور امیربالاج ٹیپو کے رشتے داروں  اور دوستوں کی بڑی تعداد بھی اسپتال میں جمع  ہوگئی تھی۔

واقعے کی اطلاع  ملنے کے بعد مسلم لیگ ( ن ) کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی عطا تارڑ  بھی جناح اسپتال پہنچ گئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔