کھلونا گاڑی کی تیز رفتاری کا عالمی ریکارڈ قائم
مارسل نے کھلونے کی گاڑی کو 148.454 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حیران کن رفتار سے چلایا
جرمنی میں انجینئرنگ کے ایک طالب علم مارسل پال نے کھلونے کی چھوٹی سی گاڑی میں ترمیم کرکے اس میں تیز ترین سواری کا عالمی اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مارسل نے کھلونے کی گاڑی کو 148.454 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حیران کن رفتار سے چلایا جس کی وجہ سے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام تیز ترین کھلونا گاڑی کے رائیڈر کے طور پر درج ہوگیا۔
جرمن طالب علم کے اس کارنامے کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انسٹاگرام پر شیئر کیا جس کی ایک ویڈیو دکھایا گیا ہے کہ پال اپنی چھوٹی کار پر ٹیک لگائے ہوئے ہیں اور ریس ٹریک کے ارد گرد تیزی سے گھوم رہے ہیں۔
فوٹیج نے ایک ہی دن میں 6.5 لاکھ سے زیادہ کمنٹس اور 21,000 لائکس حاصل کیے ہیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہورہی ہے اور بہت سے دلچسپ تبصرے سامنے آرہے ہیں۔
ایک صارف نے کمنٹس میں لکھا کہ فیراری اور وہ بھی سائیکل کی قیمت پر!۔ ایک اور انسٹاگرام صارف نے کہا کہ میں ایسا ہی کرنا چاہتا ہوں، اس کیلئے مجھے کہاں آنا پڑے گا جس پر کسی نے جواب دیا کہ نہیں، یہ خطرناک ہے۔ لیکن مارسل نے زبردست کام کیا ہے۔
ایک اور صارف نے انسٹاگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آخر کار ایک اچھا عالمی ریکارڈ آ ہی گیا۔