شاہ رخ خان نے کئی سالوں بعد بہترین اداکار کا ایوارڈ جیت لیا

ویب ڈیسک  بدھ 21 فروری 2024
 ممبئی میں دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز (DPIFF) 2024 کی تقریب منعقد ہوئی : فوٹو : اسکرین گریب

ممبئی میں دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز (DPIFF) 2024 کی تقریب منعقد ہوئی : فوٹو : اسکرین گریب

 ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی سُپر ہٹ فلم ‘جوان’ کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیت لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 20 فروری کو ممبئی میں دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز (DPIFF) 2024 کی تقریب منعقد ہوئی جہاں شاہ رخ خان کو اُن کی فلم ‘جوان’ کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

شاہ رخ خان نے اپنا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام جیوری ممبران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لائق سمجھا، بہت سال ہوگئے مجھے بہترین اداکار کا ایوارڈ نہیں ملا تو ایسا لگنے لگا تھا کہ اب کبھی مجھے یہ ایوارڈ نہیں ملے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ بہترین اداکار کا ایوارڈ ملنے پر بہت خوشی ہورہی ہے، مجھے ایوارڈز بہت اچھے لگتے ہیں، میں ایوارڈز کے معاملے میں تھوڑا لالچی ہوں۔

بالی ووڈ کنگ نے ایوارڈ ملنے پر ‘جوان’ کے ہدایتکار، پروڈیوسرز، ساتھی اداکاروں، رائٹر اور فلم کی کاسٹ اور عملے کے ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مداحوں نے میرے کام کو پہنچانا لیکن یہاں میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ایک فنکار کا کام اہم نہیں ہوتا بلکہ اس کے اردگرد موجود تمام لوگوں کی محنت سے ہی کوئی بھی شاہکار تیار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں سخت محنت کرتا رہوں گا اور بھارت اور بیرون ملک رہنے والے مداحوں کو اپنے کام سے خوش کرتا رہوں گا، پھر اس کے لیے چاہے مجھے اپنے کردار میں برا آدمی بننا پڑے یا اچھا آدمی بننا پڑے۔ انشاء اللہ، میں محنت کرتا رہوں گا۔


View this post on Instagram

A post shared by Maha (@mahasrk1)

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔