پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب میاں اسلم کی راہداری ضمانت منظور
درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی
ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب میاں اسلم کی راہداری ضمانت منظور کر لی۔
دوران سماعت، وکیل درخواست گزار شاہ فیصل اتمانخیل ایڈوکیٹ نے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب منتخب ہوئے ہیں اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کے امیدوار بھی ہیں، درخواست گزار عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے راہداری ضمانت دی جائے اور ایک مہینے کے لیے راہداری ضمانت دی جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ بعد میں دیکھیں گے اور اس پر آرڈر کریں گے، ہم آرڈر کرتے ہیں کہ یہ لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں اس کو گرفتار نہ کیا جائے، دو ہفتے میں لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں اس وقت تک گرفتار نہ کیا جائے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ پنجاب کے لیے نامزد وزیراعلیٰ بھی ہیں۔ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ امید ہے یہ بزدار نہیں بنے گے۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میاں اسلم صاحب قابل سیاستدان ہیں، یہ بزدار کی طرح ہوں گے۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ یہ قابل انسان ہے بدقسمتی سے اس جیسا قابل انسان بھی بزدار کی کابینہ میں بیٹھے رہے۔
میاں اسلم نے وکیل کے ذریعے پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کی جائے کیونکہ میاں اسلم پنجاب میں مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد اسلم کے خلاف 19 مقدمات درج ہیں جس میں راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔