شلپا شیٹھی بولڈ سین کیوں نہیں کرتیں؟ وجہ سامنے آگئی

ویب ڈیسک  بدھ 21 فروری 2024
شلپا شیٹھی نے حال ہی میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر اپنا ڈیبیو کیا ہے : فوٹو : فائل

شلپا شیٹھی نے حال ہی میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر اپنا ڈیبیو کیا ہے : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹھی نے فلموں اور ویب سیریز میں بولڈ سین نہ کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔

شلپا شیٹھی کا شمار بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ اپنی خوبصورتی، شاندار اداکاری کی صلاحیتوں اور زبردست ڈانس کی بدولت لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہیں، شلپا نے حال ہی میں روہت شیٹھی کی ہدایتکاری میں بننے والی ویب سیریز “انڈین پولیس فورس” کے ساتھ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر اپنا ڈیبیو کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شلپا شیٹھی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پراجیکٹس کے انتخاب میں اپنی ترجیحات کے بارے میں بات کی، اداکارہ نے کہا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم فنکاروں کو بہت کچھ کرنے کی اجازت دیتا ہے، اس پلیٹ فارم پر فنکار باآسانی اپنی پسند کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

شلپا شیٹھی نے کہا کہ میرے پیشہ ورانہ کیریئر کی شروعات سے میری ترجیح یہی رہی ہے کہ میں ایسا کردار ادا کروں جو میرے بچے بھی دیکھ سکیں، میں ایسی فلموں میں کام کرنے کا انتخاب کرتی ہوں جس میں کوئی بولڈ سین نہ ہو۔

اداکارہ نے کہا کہ میں بالی ووڈ کی ان چند اداکاراؤں میں سے ایک ہوں جو اسکرین پر بولڈ سین نہیں کرتیں، میں اپنے بچوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے محتاط رہ کر اسکرپٹ کا انتخاب کرتی ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے اچھی طرح معلوم ہوتا ہے کہ میں کونسا سین پُرسکون رہ کر کرسکتی ہوں اور جو میں نہیں کرسکتی اس کے لیے پہلے ہی منع کردیتی ہوں۔

واضح رہے کہ شلپا شیٹھی نے سال 2009 میں راج کندرا سے شادی کی تھی، اس جوڑی کے دو بچے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔