کورنگی عوامی کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈکیت ہلاک ہوگئے، اس دوران فائرنگ کی زد میں آکر پنکچر والا جاں بحق ہوگیا، سمن آباد میں مبینہ مقابلے میں ایک ڈکیت مارا گیا اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔
ایکسپریس کے مطابق عوامی کالونی تھانے کے علاقے کورنگی نمبر ساڑھے 3 مدینہ کالونی پی ایس او پمپ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پیٹرول پمپ سے متصل پنکچر کی دکان کے کاؤنٹر پر کھڑا پنکچرکی دکان کا ملازم بھی شدید زخمی ہوگیا۔ ہلاک ڈاکو، زخمی ڈاکو اور ملازم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ملازم اور ڈاکو دم توڑ گئے۔
عوامی کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی نمبر چھ جبلیبی چوک کے قریب گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار دو مشکوک ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کردی، اہلکاروں نے ان کا تعاقب کیا اور کورنگی ساڑھے 3 مدینہ کالونی پی ایس او پمپ کے قریب پہنچ کر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔
عوامی کالونی پولیس کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پیٹرول پمپ سے متصل پنکچر کی دکان کے کاؤنٹر پر کھڑا نوجوان ملازم بھی گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، ہلاک اور زخمی ڈکیتوں اور فائرنگ سے زخمی نوجوان ملازم کو فوری جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوسرا ڈکیت اور پنکچر کی دکان کا نوجوان ملازم بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ملازم کی شناخت 20 سالہ کاشان کے نام سے ہوئی، مقتول نوجوان کورنگی ڈھائی نمبر کا رہائشی تھا جبکہ ہلاک ڈکیتوں کی شناخت سعد اور رجب نواز کے ناموں سے ہوئی جن کے پاس سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
پنکچر کی دکان کے مالک عمران نے جناح اسپتال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول کاشان گزشتہ 4 سال سے ان کی دکان پر کام کررہا تھا، مقابلے کے دوران کاشان دکان کے اندر موجود تھا کہ پیٹرول پمپ کے سامنے پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا وہاں بھگڈر مچ گئی نوجوان کاؤنٹر کے اندر کھڑا ہوا تھا اور اسے وہیں گولی لگی، وہ چار سال قبل حیدر آباد سے کراچی آیا تھا جب سے ان کے پاس کام کررہا تھا۔
ایف بی ایریا سمن آباد پولیس مقابلہ، ایک ڈکیت ہلاک دوسرا گرفتار
پولیس مقابلے کا ایک اور واقعہ ایف بی ایریا بلاک 19 سمن آباد میں پیش آیا جہاں کوئٹہ بابا جان ہوٹل کے قریب مقابلے کے دوران ایک ڈکیت ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایچ او سمن آباد ارشاد سومرو نے بتایا کہ ہلاک ڈکیت کی شناخت کاشف اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت کی وسیم کے نام سے ہوئی، گرفتار ڈکیت ویسم پہلے بھی چار بار گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، ہلاک ڈکیت کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ڈکیتوں کے قبضے سے 2 پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے، ڈکیت واردات کی نیت سے مشکوک حالت میں گھوم رہے تھے کہ پولیس سے آمنا سامنا ہوگیا۔