لاہور تھانہ محررساتھی اہلکاروں اورافسران سے رشوت مانگنے پرگرفتار
محرر ہیڈ کانسٹیبل عدنان سہیل سیف الماری کی خریداری کیلیے مختلف اہلکاروں سے رقم کا مطالبہ کررہا تھا
تھانہ بھاٹی گیٹ کا محرر اپنے ہی ساتھیوں اور افسران سے رشوت مانگنے اور بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن تھانہ بھاٹی گیٹ نے اپنے ہی محرر کے خلاف مقدمہ درج کروادیا، مقدمہ رشوت ستانی اور بلیک میلنگ کے الزامات کے تحت درج کیا گیا جس کے بعد محرر کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ بھاٹی گیٹ معین الیاس کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آر کے مطابق محرر ہیڈکانسٹیبل عدنان سہیل سیف الماری کی خریداری کے لیے مختلف اہلکاروں سے رقم کا مطالبہ کررہا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے مختلف مقدمات کی تفتیش کے سلسلے میں آنےو الے سائلین کی وڈیو بنا کر تفتیشی افسران کو بلیک میل کرنا شروع کردیا تھا۔
ایس آئی معین الیاس کی جانب سے اندراج مقدمہ کے بعد محرر کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا اور اس کا موبائل فون پولیس نے قبضے میں لے لیا۔