سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ہماری ترجیح ہیں، ایم کیوایم اور ن لیگ

ویب ڈیسک  جمعـء 23 فروری 2024
ایم کیوایم پاکستان اور ن لیگ  میں اس سے قبل بھی مذاکرات ہوچکے ہیں:فوٹو:فائل

ایم کیوایم پاکستان اور ن لیگ میں اس سے قبل بھی مذاکرات ہوچکے ہیں:فوٹو:فائل

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ایم کیوایم وفد نے اس امر پر اتفاق کا اظہار کیا ہے کہ سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں۔ 

دونوں پارٹی کے رہنماؤں نے لاہور میں ملاقات کی جبکہ ایم کیوایم وفد گورنر سندھ کامران ٹسوری، مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل تھے۔ دوران ملاقات شہباز شریف نے کہا کہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے، ہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں۔

شہباز شریف نے ایم کیوایم کے تعمیری اور مثبت جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ایم کیو ایم کے کردار قابل تحسین ہے، عوام کی خدمت کے لئے ہم سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے۔

دونوں پارٹی رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کا اظہار کیا کہ سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں جبکہ ایم کیو ایم وفد نے شہبازشریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات کو سراہا۔

ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ شہبازشریف 16 ماہ کے دوران تمام اتحادیوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ساتھ لے کر چلے، امید ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی۔

ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثناءاللہ خاں، سردار ایاز صادق ،خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا مشہود، عطاءاللہ تارڑاور دیگررہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی صورتحال اور سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔