میرے والدین صاحبہ سے بہت ڈرتے تھے ریمبو کا انکشاف

صاحبہ اپنے جوتے تک خود نہیں پہنتی تھی بلکہ خاتون اُن کو جوتے پہناتی تھی، ریمبو


ویب ڈیسک February 23, 2024
ریمبو اور صاحبہ کے دو جوان بیٹے ہیں : فوٹو : فائل

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ریمبو (افضال خان) نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے مرحوم والدین شادی سے پہلے اُن کی اہلیہ صاحبہ سے بہت ڈرتے تھے۔

حال ہی میں ریمبو اور اُن کی اہلیہ و اداکارہ صاحبہ نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں ریمبو نے بتایا کہ انہیں صاحبہ کی والدہ کو متاثر کرنے کے لیے سخت محنت کرنی پڑی، انہوں نے 4 سال تک میڈم نشو کے ساتھ کام کیا اور پھر جاکر وہ اپنی بیٹی صاحبہ کی شادی ریمبو کے ساتھ کرنے کے لیے راضی ہوئیں۔

ریمبو نے کہا کہ جب میرا اور صاحبہ کا رشتہ پکا ہوگیا تھا تو میرے والدین صاحبہ کو بہو بنانے سے بہت ڈر رہے تھے کیونکہ صاحبہ اونچے خاندان کی معروف اداکارہ تھیں جبکہ میرے والدین سادہ تھے، میرے خاندان کا دور دور تک شوبز انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اداکار نے کہا کہ میرے والدین کی طرح، میں بھی ڈرتا تھا کہ صاحبہ میری فیملی کے ساتھ رہ سکے گی یا نہیں کیونکہ صاحبہ تو جوتے تک خود نہیں پہنتی تھی، شادی سے پہلے جب وہ باہر جاتی تھیں تو اُن کے ساتھ اُن کا مینجر، سیکیورٹی گارڈ، ڈرائیور اور ایک خاتون ہوتی تھیں۔

مزید پڑھیں: والد کو نہ جانتی ہوں اور نہ کبھی دیکھا، صاحبہ کا حیران کُن انکشاف

اُنہوں نے کہا کہ جب ہماری شادی ہوئی تو صاحبہ کو دیکھ کر میرے والدین کا ڈر ختم ہوگیا تھا، صاحبہ نے ظاہر ہی نہیں ہونے دیا تھا کہ وہ اتنے اونچے خاندان سے آئی ہیں۔

ریمبو نے کہا کہ مجھے صاحبہ کی والدہ و اداکارہ میڈم نشو کی بہت سے باتیں بُری لگتی تھیں لیکن اُن کی ایک بات بہت اچھی لگی تھی کہ بےشک اُن کی بیٹیاں گھر سے باہر ایک مشہور شخصیت کی طرح رہتی تھیں لیکن گھر میں اُن کی دونوں بیٹیاں ملازمین کے ساتھ گھر کے کام بھی کرواتی تھیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ صاحبہ کا اخلاق دیکھ کر آج میرے خاندان والے کہتے ہیں کہ تمہیں بہت اچھی بیوی ملی ہے، ہم تمہارے لیے اتنی اچھی بیوی نہیں ڈھونڈ سکتے تھے۔


واضح رہے کہ پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین جان ریمبو نے اداکارہ صاحبہ سے 90 کی دہائی میں شادی کی تھی، اس جوڑی کی دو جوان بیٹے بھی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں