بلوچستان کے علاقے مستونگ سےساڑھے چھ من افیون برآمد
کارروائیوں کے دوران 7ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی، ترجمان اے این ایف
اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے علاقے مستونگ سےساڑھے چھ من سے زائد افیون قبضے میں لے لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاون کے دوران مزید کارروائیوں میں بلوچستان کے علاقے مستونگ کے کلی کانک میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران 255 کلوگرام (6 من 375 گرام) افیون تحویل میں لی گئی۔
بلوچستان میں ایک اورکارروائی کے دوران لکپاس ٹول پلازہ مستونگ کے قریب 22کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتارکیا گیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق کارگوآفس اسلام آباد میں برطانیہ سے بھیجے جانے والے پارسل سے10.5کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق اسلام آبادائیرپورٹ پرقطرجانے والے مسافرسے68آئس سے بھرے کیپسول برآمد کیے گئے، لاہورمیں واقع کورئیرآفس میں سری لنکا بھیجے جانے والے پارسل سے2.5کلوگرام آئس جبکہ لاہورائیرپورٹ پرنائیجریا سے بھیجے گئے پارسل سے330گرام کوکین برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پشاورکے باچاخان ائیرپورٹ پردوحہ جانے والے مسافرکے سامان سے1.8کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی، ایم ون موٹروے اسلام آباد ملزمان سے 29کلوگرام چرس، شیرشاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب ملزمان سے7کلوگرام چرس جبکہ محلہ عثمانیہ گلگت کے قریب گرفتارملزمان سے ایک کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ تینوں کارروائیوں کے دوران 7ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی،گرفتارملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کےتحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغازکردیاگیا۔