پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلیے گورنر کو سمری ارسال
نگراں وزیراعلیٰ نے گورنر خیبرپختونخوا کو سمری ارسال کردی، تاریخ کا تعین گورنر خود کریں گے، وزیر اطلاعات
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلیے نگراں وزیراعلیٰ نے گورنر کو سمری ارسال کردی۔
نگراں وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے وزیراعلیٰ کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا کو سمری بھیجنے کی تصدیق کردی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لئے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے سمری گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کردی ہے، جس کے بعد اجلاس کی تاریخ کاتعین گورنر خود کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کاافتتاحی اجلاس بلانے کے لیے تاریخ کا تعین کرناگورنرکی صوابدید ہے۔
واضح رہے کہ اسمبلی اجلاس میں صوبائی نشستوں پر کامیاب ہونے والے نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد اسپیکر ڈپٹی اسپیکر کی تقرری کیلیے ووٹنگ ہوگی اور پھر وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا جائے گا۔
پختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کرنے والے تحریک انصاف کے آزاد اراکین کی اکثریت واضح ہے جس کے پیش نظر امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بانی چیئرمین کی جانب سے نامزد کردہ علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ بن جائیں گے۔