کالا جادو ہر کلچر میں پایا جاتا ہے، اجے دیوگن

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 فروری 2024
کالے جادو، جنات اور نظرِ بد پر یقین رکھتا ہوں : اجے دیوگن ( فوٹو : فائل)

کالے جادو، جنات اور نظرِ بد پر یقین رکھتا ہوں : اجے دیوگن ( فوٹو : فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ اسٹار اجے دیوگن نے کہا ہے کہ کالا جادو، نظرِ بد اور جنات ہر مذہب یا کلچر میں پائے جاتے ہیں جبکہ وہ خود بھی کئی بار جنات اور اوپری اثرات کو محسوس کرچکے ہیں۔

اجے دیوگن اپنی نئی ہارر فلم ‘شیطان’ کے ساتھ ہارر فلموں کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں، اس فلم میں اُن کے ساتھ آر مادھون اور جیوتیکا مرکزی کردار میں ہوں گی۔

فلم ‘شیطان’ کے ٹریلر لاؤنچ کے موقع پر اجے دیوگن نے ہارر فلمیں کرنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ کالے جادو، جنات اور نظرِ بد پر یقین رکھتے ہیں۔

اجے دیوگن نے کہا کہ میں ایک طویل عرصے سے ہارر فلمیں کرنا چاہتا تھا، مجھے اس طرح کی فلمیں کرنا پسند ہیں کیونکہ کالا جادو ہر ثقافت میں ہوتا ہے، پھر چاہے آپ کا تعلق کسی بھی مذہب یا کسی بھی کلچر سے ہو۔

اداکار نے کہا کہ یہ فلم ہر اُس شخص اور اُس خاندان کے لیے ہے جنہوں نے اپنی زندگی میں کالے جادو یا جنات کا تجربہ کیا ہے اور میں بھی انہی لوگوں میں سے ایک ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کے شروعات کے 10 سے 12 سالوں کے دوران بہت زیادہ غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی ہیں، ہم باہر شوٹنگ کرتے تھے جہاں ہمیں غیر معمولی سرگرمیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، میں نے خود جنات اور اوپری اثرات کی موجودگی کو محسوس کیا ہے۔

مزید پڑھیں: اجے دیوگن کی نئی ہارر فلم ’شیطان‘ کا دہشت سے بھرپور ٹریلر جاری

اجے دیوگن نے کہا کہ میری زندگی میں کالے جادو اور جنات کے بہت سے تجربات ہوئے ہیں، میں نہیں جانتا کہ ان میں سے کتنے سچے ہیں اور کتنے جھوٹے لیکن میں شاید ہی کسی ایسے شخص سے ملا ہوں گا جو اس بات پر یقین نہیں رکھتا۔

بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ جب ہم بیمار پڑ جاتے ہیں تو پہلی چیز جو ذہن میں آتی ہے وہ یہ ہے کہ یہ نظر بد ہے، جنات کا سایہ ہے یا پھر کسی نے کالا جادو کردیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’شیطان‘ کو وکاس بہل ہدایت کاری دے رہے ہیں جبکہ اسے اجے دیوگن، جیوتی دیش پانڈے، کمار منگت پاٹھک اور ابھیشیک پاٹھک پروڈیوس کریں گے۔

فلم کی کہانی کبیر (اجے دیوگن) اور اس کی فیملی کے گرد گھومتی ہے جب ان کا تفریحی ویک اینڈ ایک بھیانک خواب کا روپ دھار لیتا ہے، نامور اداکار آر مادھاون ایک اجنبی کی صورت میں بطور مہمان ان کے گھر میں داخل ہوتے ہیں اور پھر دہشت اور سنسنی کا ایک ایسا کھیل شروع ہوتا ہے جو ناظرین کو دم بخود کردیتا ہے۔

کالے جادو اور سپر نیچرل مناظر سے بھرپور فلم ’شیطان‘ پوری دنیا میں 8 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔