نوازالدین صدیقی نے پاکستانی ڈرامہ نگاروں کو لاجواب قرار دیدیا

بھارت میں پاکستانی ڈراموں کو بہت پسند کیا جاتا ہے، نوازالدین صدیقی


ویب ڈیسک February 25, 2024
نوازالدین صدیقی نے فلم 'بجرنگی بھائی جان' میں پاکستانی صحافی چاند نواب کا کردار ادا کیا تھا : فوٹو : اسکرین گریب

بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلموں میں منفرد کردار ادا کرنے والے معروف اداکار نوازالدین صدیقی بھی پاکستانی ڈرامہ نگاروں اور اداکاروں کے مداح نکلے۔

حال ہی میں نوازالدین صدیقی نے جرمنی کے نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو دیا جہاں اُنہوں نے فلم 'بجرنگی بھائی جان' میں اپنے کردار 'چاند نواب' کے بارے میں بات کی۔

نوازالدین صدیقی نے کہا کہ پاکستانی صحافی چاند نواب کا کردار مزاحیہ ہونے کے ساتھ ساتھ بےحد مشکل بھی تھا اور میں نے اس مشہور کردار کے لیے 100 بار پریکٹس کی تھی کیونکہ ہمیں صرف ایک دن کے لیے ہی ریلوے اسٹیشن پر شوٹنگ کی اجازت ملی تھی۔

بھارتی اداکار نے کہا کہ میرے پاس صرف ایک دن تھا تو میں نے مسلسل پریکٹس کی اور صرف ون ٹیک میں اپنا یہ منفرد کردار ادا کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے اس دوران پاکستانی صحافی چاند نواب سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی تھی اور ان کی معصومیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسی غلطیاں دہراتے رہا کریں تاکہ ہمیں بھی مزہ آتا رہے۔

مزید پڑھیں: نوازالدین نے فلم''بجرنگی بھائی جان'' کے لیے اپنے معاوضے میں خاطر خواہ کمی کی

نوازالدین صدیقی نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں کو بہت پسند کیا جاتا ہے، پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں بہت زبردست ہوتی ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈرامہ نگار لاجواب ہیں جبکہ پاکستان کے اداکار بھی شاندار اداکاری کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ''بجرنگی بھائی جان'' میں پاکستانی رپورٹر کا کردار اداکار نواز الدین صدیقی نے ادا کیا تھا جسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا جبکہ اس کردار کی بدولت پاکستانی رپورٹر چاند نواب بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں