غزہ میں غذائی قلت سے 2 ماہ کا بچہ جاں بحق

غزہ میں غذائی قلت سے زچہ و بچہ کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، یونیسیف


ویب ڈیسک February 25, 2024
غزہ میں غذائی قلت سے زچہ و بچہ کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، یونیسیف (فوٹو: فائل)

اسرائیل کی مسلسل بمباری کے شکار غزہ میں غذائی قلت کی صورتحال نہایت سنگین ہوگئی جس کے باعث دو ماہ کا معصوم بچہ دودھ کی کمی کی وجہ سے ہمیشہ کے لیے مرجھا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق دو ماہ کے بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں شمالی غزہ کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔ بچے کی سانسیں اکھڑ رہی تھیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ محمود فتوح نامی 2 ماہ کا بچہ شدید غذائی قلت کا شکار تھا اور اس کی تڑپتی سسکتی ماں اسے اسپتال لائی تھی۔ نقاہت کے باعث بچے کی نسیں ڈوب رہی تھیں۔

ڈاکٹرز کے بقول بچے کو تمام تر ضروری طبی امداد دی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ اسے کافی تاخیر سے اسپتال لایا گیا اور اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کی سرگرمیوں کی بندش کی وجہ سے اسپتال میں بھی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

غزہ میں بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ لاکھوں مائیں بے گھر ہیں۔ مناسب خوراک اور بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث وہ انتہائی لاغر حالت میں بچوں کو جنم دے رہی ہیں۔

ماہرین اطفال کے مطابق ان ماؤں کی اپنی ہی صحت اتنی خراب ہے کہ وہ بچوں کو دودھ پلانے سے قاصر ہیں جس سے بچوں کی صحت مند نشوونما نہیں ہو پا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے نگہداشت کے ادارے یونیسیف کا بھی کہنا ہے کہ غذائی قلت کے باعث غزہ میں زچہ و بچہ کی صحت کو سنگین خطرات کا سامنا ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں