پختونخوا آج سے جمعہ تک بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان

پی ڈی ایم اے نے لینڈ سلائیڈنگ اور موسمی حالات کے خدشات کے پیش نظر انتظامیہ اور شہریوں کیلیے خصوصی ہدایات جاری کردیں


ویب ڈیسک February 26, 2024
پشاور میں صبح سے گہرے بادل چھا گئے، ہفتہ بھر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے (فوٹو: فائل)

پختونخوا میں آج سے جمعہ تک بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری پڑنے کا امکان ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں آج سے جمعہ کے روز تک وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برف پڑے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے صوبے کے بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔شام کے اوقات میں بالائی اضلاع میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔


صوبے میں کم سے کم درجہِ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی آج صبح سے گہرے بادل ہیں، کس کی وجہ سے ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ رواں ہفتے میں مطلع زیادہ تر ابرا آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے صوبے میں بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔


ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کی جانب سے برفباری اور بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔


دریں اثنا جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں برف باری کا سلسلہ چند دنوں کے وقفے کے بعد گزشتہ رات سے جاری ہے۔ پریغال،شوال ،مکین ،کانیگرم اور کاروان مانزہ پر ایک فٹ سے زائد برف جمع ہو چکی ہے۔ برفباری سے ۔مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور پہاڑی علاقوں میں راستے بند ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔جنوبی وزیرستان میں برف باری کے باعث کاروان مانزہ ،بدر اور شوال کی سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں