امریکی صدر آئندہ ہفتے تک غزہ میں جنگ بندی کیلیے پُرامید

قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مذاکرات دوحہ میں جاری ہیں


ویب ڈیسک February 27, 2024
قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مذاکرات دوحہ میں جاری ہیں ( فوٹو: فائل)

امریکی صدر جوبائیڈن نے امکان ظاہر کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق اگلے ہفتے پیر کے روز تک متوقع ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر بائیڈن نے یہ بات صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں کہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب تک مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچے لیکن ہم کامیابی کے قریب ضرور پہنچ گئے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ مذاکرات میں پیشرفت ہورہی ہے اور آئندہ پیر تک ہم غزہ میں جنگ بندی دیکھ رہے ہیں۔

ایک اہم اسرائیلی اہلکار نے بھی نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں جاری ہیں۔

ایک اور اسرائیلی نیوز چینل نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ ممکنہ معاہدے میں اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے کئی سو فلسطینی قیدیوں کی اسرائیلی جیل سے رہائی ممکن ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : فلسطینیوں کی نسل کشی کیخلاف اسرائیلی سفارتخانے پرخود سوزی کرنیوالا امریکی فوجی چل بسا

تاہم اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل 12 نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی کے لیے جو نکات اور فریم ورک تجویز کیا گیا ہے وہ حماس کے مطالبات سے مطابقت نہ رکھنے کے باعث اسماعیل ہنیہ کے لیے قابل قبول نہیں ہوں گے۔

اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا تھا کہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری مصر، اسرائیل، امریکا اور قطر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان نئی جنگ بندی معاہدے کے لیے قطر، مصر اور امریکا پچھلے کئی ہفتوں سے کوششیں کر رہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں