ہائی کورٹ نے مونس الٰہی کی اہلیہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
راسخ الٰہی، تحریم الٰہی سمیت دیگر کی ضمانت منسوخی کے کیس میں عدالت نے عدم پیشی پر مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الہی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ علاوہ ازیں عدالت نے عدم پیشی پر دوسری ملزمہ سائرہ انور کے بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی، جس میں پراسکیوشن کی جانب سے عبوری ضمانتیں منظور کرنے کا اقدام چیلنج کیا گیا ہے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے راسخ الٰہی سمیت دیگر کی عبوری ضمانتیں قانون کے منافی منظور کی گئیں۔ عدالت ضمانت منظور کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔