امیدواروں کے نوٹی فکیشن کے بعد ہاؤس مکمل ہوچکا صدر باعزت طریقے سے اجلاس بلائیں اسحاق ڈار

صدر کے پاس اب قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار نہیں رہا، اجلاس خودبخود 29 فروری کو ہوگا، سابق وزیر خزانہ


ویب ڈیسک February 27, 2024
صدر کے پاس اب قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار نہیں رہا، اجلاس خودبخود 29 فروری کو ہوگا، سابق وزیر خزانہ

سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ممبران کے نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد ہاؤس مکمل ہوچکا، صدر کے پاس قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار اب نہیں رہا لہذا وہ عزت سے اجلاس بلا لیں اور آئین شکنی سے گریز کریں۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین سے کھیل کھیلا جا رہاہے، صدر علوی قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلاکر ایک بار پھر آئین شکنی کررہے ہیں، آئین کا آرٹیکل بڑا واضح ہے کہ 21 روز میں اسمبلی اجلاس طلب کیا جائے لیکن صدر نے اعتراض لگا کر سمری واپس کردی کہ ابھی ہاؤس مکمل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤس مکمل تب ہوتا ہے جب ممبرز کا نوٹیفکیشن ہوچکا ہو، جب نوٹیفکیشن ہی نہیں ہوا تو ہاؤس کے نامکمل ہونے کا کیا جواز ہے، اسپیکر نے ممبرز سے حلف لینا ہے، صدر کو چاہیے تھا باعزت طریقہ سے اجلاس سمن کرتے، 21 دن بعد صدر کے پاس قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار اب نہیں رہا، قومی اسمبلی کا اجلاس خودبخود 29 فروری کو ہوگا۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے پانچ روز کا وقت ہوتا ہے، ہوسکتا ہے صدر صاحب اجلاس بلائیں اس سے ان کا اچھا تاثر جائے گا۔ وفاقی حکومت نے صدر کو ان کے اعتراضات پر جواب بھجوا دیا ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ آج ہماری میٹنگ ہوئی ہے، چند دن پہلے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان جو طے ہوا تھا یہ اسکا تسلسل ہے، ہم قومی اسمبلی اور بلوچستان کا ملکر فیصلہ کریں گے، ہم ملکر قومی اسمبلی میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کریں گے معاہدہ ہوچکا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں بھی کل حلف برداری کے بعد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن ملکر وزیر اعلی اور دیگر عہدیداروں کا فیصلہ کرے گی، ہم چاہتے ہیں جے یو آئی سمیت سب کو ساتھ لیکر چلیں ، مسائل اتنے گہرے ہیں کہ ہم سب ملکر کوشش کریں گے تو ان سے نکل سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہے جس میں اہم فیصلے ہوں گے، نواز شریف اس اجلاس کی شہباز شریف کے ساتھ صدارت کریں گے، اجلاس کے بعد نواز شریف کی کچھ اپنی مصروفیات ہیں ، وہاں چلے جائیں گے، شہباز شریف کل رات اتحادیوں کو عشائیہ دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں