پی ٹی آئی کا تاحال کوئی خط موصول نہیں ہوا آئی ایم ایف
پاکستان تحریک انصاف کے دو رہنماؤں نے خط لکھنے کی تصدیق کردی، مزید تفصیلات جلد منظر عام پر لانے کا اعلان
عالمی مالیاتی فنڈز نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کوئی بھی خط تاحال موصول نہ ہونے کی تصدیق کردی۔
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے دو رہنماؤں نے عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی تصدیق کی۔ پی ٹی آئی کے ذرائع نے عالمی خبررساں ادارے کو بتایا کہ خط میں ملک کے بالخصوص سیاسی مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی مزید بیل آؤٹ بات چیت میں ملک کے سیاسی استحکام کو اہمیت دے اور کردار ادا کرے۔ اس خط میں پی ٹی آئی نے انتخابات کا حوالہ دے کر اپنی پوزیشن بھی بیان کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ خط کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔
اُدھر آئی ایم ایف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تاحال کوئی خط موصول نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔