لبلبے کے سرطان کی عام علامات کیا ہیں

پاکستان میں لبلبے کے سرطان سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح 97.8 فیصد ہے، رپورٹ


ویب ڈیسک March 01, 2024
فوٹو: فائل

لبلبے کے سرطان ( پنکریاٹک کینسر) کو اکثر و بیشتر 'خاموش قاتل' کہا جاتا ہے کیونکہ ابتدائی مراحل میں اس کی برائے نام یا مبہم علامات ظاہر ہوتی ہیں جن کی وجہ سے اس کی تشخیص مشکل ہوجاتی ہے۔

یہ سرطان کی وہ قسم ہے جس کا آغاز لبلبے سے ہوتا ہے، لبلبہ انسانی معدے کے پچھلی جانب ہوتا ہے اور خوراک کو ہضم کرنے اور ہارمون کی پیداوار میں مددگار ہوتا ہے۔

لبلبے کا سرطان بہت مہلک ہوتا ہے اور اس سے ہونےو الی اموات کی شرح بہت بلند ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لبلبے کے سرطان سے ہونےو الی ہلاکتوں کی شرح 97.8 فیصد ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی اور غیر صحت بخش طرز زندگی کی وجہ سے لبلبے کا سرطان لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

لبلبے کا سرطان ' خاموش قاتل ' کیوں ہے؟

واقع ہونے کا مقام: لبلبہ پیٹ کی گہرائی میں ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس میں سرطان ہوجانے کی صورت میں ڈاکٹروں کے لیے صرف مریض کے جسمانی معائنے کے ذریعے اس کی تشخیص ممکن نہیں ہوتی۔

ابتدائی مرحلے میں علامات ظاہر نہ ہونا:

ابتدائی مراحل ( اسٹیج ) میں لبلبے کے سرطان کی کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں، اور اگر ظاہر ہوبھی جائیں تو وہ غیر واضح ہوتی ہیں اور انہیں کسی اور کم خطرناک مرض کی علامات بھی سمجھا جاسکتا ہے۔

تیزرفتار پھیلاؤ:

لبلبے کا سرطان بہت تیزی سے پھیلتا ہے جس کے نتیجے میں علامات کے ظہور سے لے کر سرطان کے اگلی اسٹیج پر پہنچ جانے کے درمیان وقفہ کم ہوتا ہے، اس کی وجہ سے سرطان کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور علاج کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔

لبلبے کے سرطان کی عام علامات:

پیٹ کا درد: پیٹ میں درد یا تکلیف جو پیچھے کمر کی جانب جارہی ہو، لبلبے کے سرطان کی عام علامت ہے۔

یرقان: لبلبے کے سرطان کی صورت میں آنکھیں اور جلد زردی مائل ہونے لگتی ہے کیونکہ سرطانی خلیے صفرا کی نالی ( بائل ڈکٹ ) کو بند کردیتے ہیں جس کی وجہ سے خون میں بائیلروبن نامی مادہ بننا شروع ہوجاتا ہے۔

وزن کم ہونا : کسی ظاہری وجہ کے بغیر وزن کا مسلسل کم ہوتے چلے جانا سرطان کی کئی اقسام بشمول لبلبے کا سرطان کی علامت ہوسکتا ہے۔

بھوک نہ لگنا: سرطان کا شکار ہونے کی صورت میں متاثرہ فرد کی بھوک ختم ہوجاتی ہے، چنانچہ اس کا وزن بھی تیزی سے گرنے لگتا ہے۔

ہاضمے کے مسائل : سرطان جب نظام انہظام پر اثرانداز ہوتا ہے تو فضلے کی رنگت اور اس کی ماہیئت میں تبدیلی آجاتی ہے۔

ذیابیطس: کچھ صورتوں میں لبلبے کے سرطان کی وجہ سے ذیابیطس کا مرض بھی لاحق ہوسکتا ہے، بالخصوص اس صورت میں جب سرطانی خلیے لبلبے میں موجود انسولین بنانے والے خلیوں کو متاثر کردیتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں