کراچی میں تیز بارش کا امکان ختم سسٹم مشرق کی جانب بڑھ گیا

کراچی میں جمعے کو سب سے زیادہ بارش شاہراہ فیصل پر 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک March 01, 2024
(فوٹو؛ فائل )

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز بارشوں کا سبب بننے والا سسٹم نکل گیا ہے۔

سردار سرفراز نے موسم اور بارش کی صورت حال کے حوالے سے اپنا بیان جاری کیا جس میں انہوں نے نئی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہر سے درمیانی اور تیز بارشوں کا سبب بننے والا مغربی سسٹم کا کافی بڑا حصہ نکل گیا اور یہ سسٹم بتدریج مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ جمعے کی رات گئے تک شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار کا امکان ہے تاہم ہفتے کو شہر کا مطلع صاف رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بارش کے بعد سرد ہواؤں کے اثرات آج رات سے شہر میں نمودارہوسکتے ہیں، جس کے باعث درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری کمی اور خنکی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں ہونے والی بارش کے ملی میٹرمیں اعدادوشمار جاری کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس فیصل(شاہراہ فیصل) پر14ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کیماڑی میں 13 ملی میٹر،ناظم آباد 12.5ملی میٹر،سرجانی ٹاون 12.4ملی میٹر،سعدی ٹاون 12ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

اسی طرح اورنگی ٹاؤن میں 9.7 ملی میٹر، ڈی ایچ اے 9.5 ملی میٹر، گڈاپ ٹاؤن 7.9ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور(ماڑی پور)اورقائد آباد7.5ملی میٹر،گلشن حدیداوراولڈ ائیرپورٹ پر7 میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

جناح ٹرمینل 6.4ملی میٹر،کورنگی 6.3ملی میٹر،ملیر6 ملی میٹراوریونیورسٹی روڈ پر5.7ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں