فائبر سپلیمنٹ بوڑھے افراد کی دماغی کارکردگی بہتر کر سکتا ہے تحقیق

یہ سپلیمنٹ بوڑھی ہوتی آبادی کی دماغی صحت اور یادداشت کو بہتر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے


ویب ڈیسک March 03, 2024

ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ روزانہ فائبر سپلیمنٹ کا استعمال 60 برس سے زیادہ عمر کے افراد کے دماغ کی کارکردگی صرف 12 ہفتوں میں بہتر کر سکتا ہے۔

کنگز کالج لندن کے محققین کو ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ دکانوں پر سستے داموں ملنے والی ایک گولی الزائمرز بیماری کی ابتدائی علامات سے متعلقہ یادداشت کے ٹیسٹ میں کارکردگی کو بہتر بنا سکتی ہے۔

تحقیق میں شامل ایک سائنس دان ڈاکٹر میری نی لوکلین کا کہنا تھا کہ محققین صرف 12 ہفتوں میں یہ تبدیلیاں دیکھ کر حیرت میں مبتلا ہیں۔ یہ سپلیمنٹ بوڑھی ہوتی آبادی کی دماغی صحت اور یادداشت کو بہتر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹ اور دماغ کے درمیان سامنے آتے تعلق طویل مدت تک صحت مند رہنے کے متعلق نئے خیالات پیش کر سکتے ہیں۔

جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہونے والی تحقیق میں پودوں کے دو فائبر سپلیمنٹ (اِنولین اور ایف او ایس) کو آزمایا گیا جس کا مقصد ان کے دماغی کارکردگی اور پٹھوں کی صحت پر پڑنے والے اثرات کو دیکھنا تھا۔

تحقیق میں شامل جڑواں بچوں کے 36 جوڑوں کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروہ کو پودوں کے فائبر (جو پیٹ میں صحت مند بیکٹیریا کی نمو میں مدد دیتے ہیں) کی حامل گولی دی گئی جبکہ دوسرے گروپ کو پلیسیبو (فرضی دوا) دی گئی۔

تحقیق میں شامل ہر فرد کو مزاحمتی ورزش بھی کروائی گئی اور ایک پروٹین سپلیمنٹ بھی کھلایا گیا تاکہ ان کے پٹھوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جاسکے۔

اس دوران جہاں پٹھوں کی مضبوطی میں واضح تبدیلی سامنے نہیں آئی، وہیں فائبر سپلیمنٹ کھانے والے گروپ نے دماغی کارکردگی جانچنے کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹ میں بہتر پرفارم کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں