کلفٹن میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈکیتوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی جاں بحق

بوٹ بیسن میں ایک گھر سے خاتون کی تشدد زدہ کمبل میں لپٹی لاش برآمد ہوئی، پولیس


ویب ڈیسک March 04, 2024
پولیس کے مطابق جاں بحق سیکیورٹی گارڈ کی شناخت ظہور کے نام سے ہوئی—فائل: فوٹو

کلفٹن میں ٹریول ایجنسی میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈکیتوں کی فائرنگ سے نجی سیکیورٹی ایجنسی کا 50 سالہ گارڈ جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر واقعات میں ایک خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق کلفٹن کے علاقے گذری پنچاب چورنگی میں بخاری ٹریول کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 50سالہ ظہور جاں بحق ہوگیا پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا جہاں پولیس نے موقعے کے معائنے کے بعد لاش جناح اسپتال منتقل کردی۔

ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان جب ٹریول ایجنسی کے قریب آئے تو گارڈ انھیں دیکھ کر کھڑا ہوا تو ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی ایک گولی مقتول گارڈ ظہور کے سینے پر لگی اور وہ موقع پر ہی دم تو ڑ گئے۔

ہیڈ محرر نے بتایا کہ مقتول کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا اور میٹرو سکیورٹی کمپنی کا گارڈ تھا جو کہ گزشتہ 7 سال سے بخاری ٹریول ایجنسی میں تعینات تھا اور پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

کلفٹن میں ایک واقعے میں بوٹ بیسن کے قریب شاہ رسول کالونی میں ایک گھر سے خاتون کی لاش ملی، جسے پولیس نے ریسکیو عملے کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کیا۔

ایس ایچ او نصیر تنولی نے بتایا کہ خاتون کی جس گھر سے لاش ملی ہے وہ گھر فروخت ہو چکا تھا اور جس نے گھر خریدا تھا وہ جب وہاں آیا تو گھرسے تعفن اٹھ رہا تھا، مالک مکان نے پولیس کو طلب کر لیا۔

نصیر تنولی کا کہنا تھا کہ پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو خاتون کی لاش کمبل میں لپٹی ہوئی تھی، لاش اسپتال منتقل کی گئی تو معلوم ہوا کہ خاتون کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ فوری طور پر مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم ان کی عمر50 سے 55 سال کے درمیان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پڑوسیوں نے بتایا کہ اس گھر میں ایک بزرگ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ رہتی تھے، ان کی ایک بیٹی اور ایک جوان بیٹا بھی ہے جو وہاں سے جا چکے اور شبہ ہے کہ مقتولہ بچوں کی ماں تھی تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔

ادھر نارتھ کراچی میں سرسید کے علاقے بارہ دری کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 34سالہ خالد ولد خادم حسین کو زخمی کردیا۔

زخمی کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

علاوہ ازیں سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے گلشن معمار موڑ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22سالہ شاہد رفیق زخمی ہوگیا، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایچ او ممتاز مروت نے بتایا کہ سڑک پر چند افراد کا جھگڑا ہورہا تھا، اسی دوران فائرنگ ہوئی، جس کی زد میں آکر شہری شاہد رفیق زخمی ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس جب موقع پر پہنچی تو فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہوچکے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں