بھارت میں ایک خاتون نے شادی کی سالگرہ کا تحفہ نہ ملنے پر شوہر کو چاقو مار کر قتل کرنے کی کوشش کی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی شہر بنگلورو میں خاتون نے شادی کی سال گرہ کا تحفہ نہ دینے پر اپنے شوہر پر چاقو سے حملہ کردیا اور اسے زخمی کردیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق نجی کمپنی کے ملازم 37 سالہ کَرن کو اس کی اہلیہ 35 سالہ سندھیا نے شادی کی سالگرہ کا تحفہ نہ دینے پر مشتعل ہوکر سوتے ہوئے چاقو کے وار سے زخمی کردیا۔ 27 فروری کو پیش آنے والے اس واقعے سے متعلق پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ سندھیا نامی خاتون شادی کی سالگرہ کا تحفہ نہ ملنے پر ناراض تھی، جس پر اس نے چاقو سے اپنے سوتے ہوئے شوہر کَرن پر حملہ کردیا۔
خاتون کا شوہر حال ہی میں اپنے دادا کے انتقال کی وجہ سے اپنی اہلیہ سندھیا کو شادی کی سالگرہ کا تحفہ نہ دے سکا تھا، جس پر اس کی اہلیہ ناراض تھی۔ حملے کے دوران زخمی ہونے والے کَرن کو اس کے پڑوسیوں نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا اور پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ میاں بیوی کا نجی معاملہ ہے، تاہم الزامات کے حوالے سے مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس دوران پولیس نے دونوں میاں بیوی کو آپس میں جھگڑا حل کرنے کے لیے کچھ مہلت بھی دی ہے۔ پولیس نے خاتون کے لیے اس کی ذہنی حالت کے درست نہ ہونے کی وجہ سے کونسلنگ کی تجویز بھی دی ہے۔