بیٹے کی شادی رکوانے کیلئے ماں نے ایسا کیا کِیا کہ سب حیران رہ گئے
دولہے کے خاندان کی جانب سے شادی رکوانے کا یہ آخری حربہ تھا
میکسیکو میں ایک خاتون نے اپنے بیٹے کی شادی رکوانے کیلئے عین شادی کے دوران دُلہن کے عروسی لباس کو ہی گندا کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو کے صوبے سونورا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون نے تین غنڈوں کو اپنی ہونے والی بہو کا عروسی لباس گندا کرنے کیلئے معاوضہ دیا تاکہ اپنے بیٹے کی شادی کو روکا جاسکے۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی تصاویر اپ لوڈ ہونے کے بعد سے اس 'بدنصیب' جوڑے کی خبریں میکسیکو بھر میں وائرل ہوگئی ہیں جس میں دُلہن کے سفید عروسی لباس پر سرخ پینٹ کو دیکھا جاسکتا ہے۔
جوڑے کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ دُلہا کے گھر والے اس شادی کے شدید خلاف تھے تاہم جوڑے نے کسی کی پروا کیے بغیر اپنی شادی سونورا صوبے کے قصبے سیوداد اوبریگون میں منعقد کی۔
شادی والے دن دلہن چرچ کے باہر کھڑی تھی جہاں شادی کی تقریب ہو رہی تھی کہ اسی دوران تین افراد آئے اور دُلہن پر سرخ پینٹ پھینک دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ تازہ ترین واقعہ دولہے کے اہل خانہ کی جانب سے شادی رکوانے کا آخری حربہ تھا۔