فیس بک انسٹاگرام کی مختصر بندش سے مارک زکربرگ کو 3 ارب ڈالر کا نقصان

میٹا کے حصص کی قیمت بھی 1.6 فیصد گر گئی تاہم مارک زکربرگ بدستور دنیا کے چوتھے امیرترین شخص ہیں


ویب ڈیسک March 07, 2024
فیس بک اور انسٹاگرام دونوں ویب سائٹس تقریباً ایک گھنٹے کے لیے بند ہوگئی تھیں—فوٹو: فائل

دنیا بھر میں 5 مارچ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک اور انسٹاگرام کی مختصر بندش سے مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا کو 3 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور کمپنی کے حصص کی قیمت بھی گرگئی۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے مالک مارک زکربرگ کو فیس بک اور انسٹاگرام کی دنیا بھر میں بندش کے ایک روز بعد تقریباً 3 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارک زکربرگ کی دولت میں ایک دن میں 2.79 ارب ڈالر کمی ہوئی اور بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس میں 176 ارب ڈالر ڈوب گئے لیکن وہ دنیا بھر میں دولت مند افراد کی فہرست میں بدستور چوتھے نمبر موجود ہیں۔

فیس بک اور انسٹاگرام ایک گھنٹے سے زائد وقت کے لیے بند ہوگئی تھیں، جس کے نتیجے میں میٹا کے حصص کی قیمت میں 1.6 فیصد کمی آگئی، جس کے باعث مارک زکربرگ کی دولت میں کمی آگئی۔

وال اسٹریٹ پر اسی روز میٹا کے حصص کی قیمت 490.22 ڈالر پر لین دین کے بعد بند ہوئی تھی۔

فیس بک اور انسٹاگرام کی اچانک بندش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسی طرح میٹا کوئسٹ کے صارفین کو بھی رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے علاوہ یوٹیوب کے کئی صارفین نے بھی شکایت کی تھی۔

دنیا بھر میں مشہور سماجی رابطے کی ویب سائٹس تقریباً ایک گھنٹے تک بند رہنے کے بعد بحال ہوگئی تھیں جبکہ ایکس پر اس حوالے سے کئی پوسٹس کی گئی تھیں اور یہاں تک کہ ایکس کے مالک ایلون مسک نے حریف کمپنی میٹا کا مذاق اڑایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں