ہر پانچواں شخص معالج کے مشورے کے بغیر وزن میں کمی کی دوا استعمال کررہا ہے تحقیق
تحقیق میں خواتین کے مقابلے میں مرد حضرات کو یہ ادویات زیادہ خریدتے ہوئے پایا گیا
ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہر پانچ میں سے ایک فرد ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر وزن کم کرنے کے لیے ادویات کا استعمال کر رہا ہے۔
2003 افراد پر کی جانے والی ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ بغیر مشورے کے ادویات استعمال کرنے والے افراد کا 29 فی صد حصہ یہ ادویات غیر قانونی ویب سائٹس سے خریدتے تھے جبکہ 25 فی صد افراد کسی دوسرے شخص کے بتانے پر نسخہ خریدتے تھے۔24 فی صد افراد یہ اشیاء سوشل میڈیا سے خریدتے تھے۔
مطالعے میں یہ بات بھی سامنے آئی 19 فی صد افراد یہ ادویات سیلبریٹیز کے کہنے پر خریدتے تھے۔
تحقیق کی سربراہی کرنے والی ڈاکٹر کرسٹل وائلی کا کہنا تھا کہ ویگووی جیسی وزن کم کرنے کی ادویات زیادہ وزن یا وزن سے متعلقہ صحت کی کیفیت کا شکار مریضوں کے لیے اہم امور انجام دیتی ہیں۔ لیکن کئی صحت مند افراد کو اپنی زندگیاں ان ادویات (جن کو حقیقی طبی ضرورت کے لیے رکھا جانا چاہیئے) کو سپرد کرتے دیکھنا کافی تشویش ناک ہے۔
وزن کم کرنے والے انجیکشن خاص طور پر ایسے افراد کے لیے بنائے گئے ہیں جن کا باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) 30 سے اوپر ہو یا ان کا بی ایم آئی کم ہو اور اس کے ساتھ ان کوبلند فشار خون یا ذیا بیطس کے خطرات ہوں۔
تحقیق میں خواتین کے مقابلے میں مرد حضرات کو یہ ادویات زیادہ خریدتے ہوئے پایا گیا۔ جبکہ 18-24 برس کے درمیان 46 فی صد نوجوانوں ان ادویات کے خریدار دیکھے گئے۔