چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کیلیے ’انٹرنیشنل وومن آف کریج‘ ایوارڈ
سارہ احمد یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے پاکستان کیلئے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔ چیئرپرسن سارہ احمد کو "انٹرنیشنل وومن آف کریج" ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سارہ احمد کو یہ اعزاز امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے اسلام آباد میں دیا گیا۔ سارہ احمد یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، انہیں یہ ایوارڈ بچوں کے استحصال کی روک تھام اور بھکاری مافیا کے خلاف بہادری سے جدوجہد کرنے اور بچوں کےلیے دی جانے والی خدمات کے صلے میں دیا گیا۔
واضح رہے سارہ احمد کو حکومت پاکستان کی جانب ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ سارہ احمد نے اٹلی میں انٹرنیشنل کولیبوریٹو ایوارڈ حاصل کیا اور اقوام متحدہ میں بچوں کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔
سارہ احمد کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل وومن آف کریج کا ایوارڈ ملنا میرے اور پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوںن ے کہا کہ میرا مقصد تمام بے سہارا اور عدم توجہی کا شکار بچوں کو تحفظ فراہم کرنا اور بچوں کے استحصال کی روک تھام اور بھکاری مافیا سے بچانا ہے۔
سارہ احمد نے بتایا کہ 5ہزار سے زائد استحصال کا شکار اور بھکاری بچوں کو ریسکیو اور ان کی فلاح وبہبود پر کام کیا گیا، 133 لاوارث نوزائیدہ بچوں کو مناسب فیملیز کو گود لینے کیلئے دیا گیا۔