عید کے دوسرے روز سسرالیوں کے تشدد سے بہو جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 11 اپريل 2024
متوفیہ شہر بانو کی یادگار تصویر

متوفیہ شہر بانو کی یادگار تصویر

 لاہور: غازی آباد میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تشدد اور گلا دبا کر قتل کردیا۔

شہر بانو کی ایک سال قبل غازی آباد کے رہائشی آصف نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔ عید کے دوسرے روز والدین کو ملنے آنا تھا لیکن سسرال سے اس کی موت کی خبر آگئی۔

متوفیہ شہر بانو کے والد کا کہنا ہے کہ سسرالی میری بچی کو ذہنی اذیتیں دیتے اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے تھے، شادی کے بعد ایک بچے کی پیدائش ہوئی جو چند ہی روز میں وفات پا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سسرال سے فون آیا شہربانو کی طبیعت خراب ہے جب وہ اسپتال پہنچے تو وہ مر چکی تھی، ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی اسپتال لانے سے دو گھنٹے قبل ہی وفات پا چکی تھی۔

متوفیہ کے والد کا مزید کہنا تھا کہ شہربانو کی گردن پر پھندے کے نشانات موجود ہیں، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی۔

دریں اثنا ایس پی کینٹ اویس شفیق کی ہدایت پر غازی آباد پولیس نے متوفیہ شہر بانو کے شوہر آصف اور عبدالرشید کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔

پولیس نے مقتولہ کے بھائی عمیر علی کی مدعیت میں نامزد ملزمان آصف، عبدالرشید اور راشد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایس پی کینٹ اویس شفیق کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے اہنی ہاتھوں نمٹا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔