اقوام متحدہ نے ایشیا میں ’’جان لیوا ہیٹ ویوز‘‘ سے خبردار کردیا
گرین ہاؤس گیسوں کے بڑھتے ہوئے اخراج کے باعث 2024 ریکارڈ کے لحاظ سے گرم ترین سال ہوسکتا ہے
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل میں شدید گرمی کے باعث لاکھوں بچوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اقوام متحدہ نے گرمی سے متاثرہ ممالک کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی انتظامیہ کو بچوں سمیت کمزور یا بزرگوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مشتمل حکمت عملی اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ موسم کا جائزہ لینے والے عالی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کے بڑھتے ہوئے اخراج کے باعث 2024 ریکارڈ کے لحاظ سے گرم ترین سال ہوسکتا ہے۔
یونیسیف کے اعداد و شمار کے مطابق بحرالکاہل اور مشرقی ایشیا میں 243 ملین سے زیادہ بچے ہیٹ ویوز سے متاثر ہوسکتے ہیں، انہیں گرمی سے متعلق بیماریوں اور موت کا خطرہ لاحق ہے۔
خطے کے متعدد ممالک اس وقت موسم گرما کی گرمی سے تپ رہے ہیں، درجہ حرارت ریکارڈ سطح کے قریب پہنچ گیا ہے کیونکہ ابھی سے درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کے قریب پہنچ چکا ہے۔
مقامی سطح پر موسم کی پیش گوئی کرنے والے اداروں اور ماہرین نے آئندہ ہفتوں میں گرمی میں تیزی سے اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔