برطانیہ نے پاکستان سمیت 24 ممالک کو سفر کیلیے انتہائی خطرناک قرار دیدیا

سعودی عرب، اسرائیل، فلسطین، افغانستان، ایران اور یوکرین بھی فہرست میں شامل


ویب ڈیسک April 12, 2024
برطانیہ کی سیاحت کیلیے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان، سعودی عرب، اسرائیل، فلسطین بھی شامل (فوٹو: فائل)

برطانیہ نے 24 ممالک کو سفر کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو ان ممالک میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے روس، یوکرین، ایران، سوڈان، لبنان، اسرائیل، بیلاروس اور فلسطین کو بھی سفر کے لیے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا۔ اس طرح ایسے ممالک کی تعداد اب 24 ہوگئی۔

اس فہرست میں پاکستان، سعودی عرب، افغانستان، برکینا فاسو، وسطی افریقی جمہوریہ، چاڈ، ہیٹی، عراق، لبنان، لیبیا، مالی، نائجر، شمالی کوریا، صومالیہ، صومالی لینڈ، جنوبی سوڈان، شام، وینزویلا اور یمن پہلے ہی شامل تھے۔

برطانوی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فہرست کا مقصد بیرون ملک جانے کے خواہش مند برطانوی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ممالک کو جرائم، جنگ، دہشت گردی، بیماری، شدید موسم، قدرتی آفات اور سیاحوں کو لاحق ممکنہ خطرات کی بنیاد پر اس فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔

برطانوی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے صرف ناگزیر صورت حال ہی میں ان ممالک میں جائیں جس کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور جانے سے پہلے پیشگی اطلاع دیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں