عید گفٹ وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبا کو 20 ہزار موٹرسائیکلیں دینے کے پروجیکٹ کا آغاز کردیا
ڈاؤن پیمنٹ بھی حکومت ادا کرے گی، طالب علم bikes.punjab.gov.pk ویب سائٹ پر 29 اپریل تک رجسٹریشن کراسکتے ہیں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے 20 ہزار طلبا کو عید گفٹ کے طور پر موٹرسائیکلیں دینے کے پروجیکٹ کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں 'چیف منسٹر یوتھ انی شیٹس' کے تحت طالب علموں کو 20 ہزار الیکٹرک و پیٹرول موٹرسائیکلیں آسان اقساط اور بغیر سود دینے کے پروجیکٹ کی رجسٹریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پہلے مرحلے میں فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی اور لاہور میں 19 ہزار پیٹرول جبکہ 1 ہزار الیکٹراک بائیکس دی جائے گی جبکہ دیگر اضلاع میں آبادی کے تناسب سے موٹرسائیکلیں دی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق طلبہ کی طرف سے20ہزار ڈاؤن پیمنٹ بھی حکومت ادا کرے گی جبکہ ماہانہ اقساط پر مارک اپ بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی اور اس پروجیکٹ پر ایک ارب روپے سبسڈی دے گی۔
موٹرسائیکل لینے والے طلبا 11 ہزار 676 روپے اور طالبات 7 ہزار 325 روپے ماہانہ آسان اقساط جمع کراسکیں گے۔ خواہش مند طالب علموں کے لیے 29 اپریل تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
شرائط
بائیکس حاصل کرنے کیلئے سرکاری یا نجی یونیورسٹی /گرایجویٹ کالج کا طالب علم ہونا جبکہ عمر کا 18 سال اور ڈرائیونگ لائسنس یا لرننگ پرمنٹ ہونا بھی ضروری ہے۔
اپلائی کرنے کا طریقہ
خواہش مند طالب علم bikes.punjab.gov.pk ویب سائٹ پر 29 اپریل تک اپنی درخواست جمع کراسکتے ہیں، جس کے بعد اسکروٹنی کا عمل مکمل ہوتے ہی انہیں موٹرسائیکل دے دی جائے گی۔