نیا مغربی سسٹم کل پاکستان میں داخل ہوگا طوفانی بارشوں کا امکان

سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا


ویب ڈیسک April 15, 2024
(فوٹو: فائل)

مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل پاکستان میں داخل ہوگا جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل رات بلوچستان میں داخل ہوگا جو 17 اپریل کو بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں پھیل جائے گا، 18 اپریل کو ہواؤں کا یہ سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں پھیل جائے گا اور خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان سمیت آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش ہوگی، این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل، سوات اورپنجکوڑہ میں سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے کابل میں سیلابی صورتحال کے باعث یکاگوند، نوشہرہ، چارسدہ، پبی، شبقدار، جمرود، پشاور کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اسی طرح دریائے پنجکوڑہ میں طغیانی کے باعث اتمان خیل، دیر، منڈا،شرینگل، تیمگرہ اور واری کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، دریائے سوات میں ممکنہ سیلاب کے باعث چار باغ، بحرین، بابوزئی، مٹا، بری کوٹ اور دیگر نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث نشیبی علاقوں میں طیغانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، بارش کے ساتھ آندھی اور جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر تعمیرات کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ عوام بلا ضرورت خطرے سے دوچار علاقوں کی جانب سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں، خستہ حال عمارتوں اور پلوں سے دور رہیں، بارش کے دوران ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں