پختونخوا شدید بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہو گئی 41 زخمی

جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل، وزیراعلیٰ پختونخوا نے امدادی کارروائیوں کیلیے فنڈز جاری کردیے


ویب ڈیسک April 17, 2024
فوٹو : اے پی

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 32 افرادجاں بحق اور 41 زخمی ہوگئے۔


قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 15 بچے، 12 مرد اور 5 خواتین جب کہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔


یہ خبر بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا؛ تین روز میں تیز بارشوں کے باعث 21 افراد جاں بحق، 85 زخمی


مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 1370مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 160گھروں کو مکمل اور 1210 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔


تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان،کوہاٹ، ڈی آئی خان اورکزئی میں رونما ہوئے۔


مزید پڑھیں: لوئر دیر: چھت گرنے سے 4 افراد ملبے تلے دب گئے، 2 لاشیں برآمد


وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں میں متاثرہ 12 اضلاع کی انتظامیہ کو جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کردیے۔ نوشہرہ کو 2 کروڑ، لوئر دیر کو 50 لاکھ، سوات اور ملاکنڈ 30، 30 لاکھ اپر دیر اور ٹانک 20، 20 لاکھ، چترال لوئر ، بٹگرام، کرک، پشاور، اور چارسدہ کے اضلاع کے لیے 10، 10 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ چترال لوئر کو جنرل ریلیف ہیڈ میں ایک کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔


پی ڈی ایم اے کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے 29 مارچ سے اب تک مختلف اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 8 کروڑ 10 لاکھ روپے جاری کیے جا چکے ہیں۔ فنڈز ریلیف پالیسی کے مطابق متاثرین کی مالی معاونت اور امدادی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جاسکیں گے۔ بارشوں کے باعث متاثرہ خاندان کی مدد اور بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں