محکمہ موسمیات کی کراچی میں اگلے تین روز موسم گرم و مرطوب رہنے کی پیش گوئی

اتوار کو کراچی کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک April 19, 2024
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اتوار کو پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے—فائل: فوٹو

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں جمعے کو معمول سے زیادہ 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں جبکہ شہر میں اگلے تین روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلیں، جن کی رفتار 35کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی اور سمندری ہواؤں کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ پارہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

مزید بتایا گیا کہ سندھ کے دیہی اضلاع گرمی کی لپیٹ میں رہے، مٹھی کا درجہ حرارت 38.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ 25 اپریل کو ایک نیا مغربی سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہرمیں گزشتہ روز ہلکی بارش کا سبب بننے والے مغربی سسٹم کے زیراثر ہوائیں جمعے کو معمول سے تیز ہوئیں، جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار35کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی اور دوسرے روز بھی شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کئی ڈگری کمی سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے تین روز کے دوران شہر کا موسم گرم و مرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے اور اس دوران صبح کے وقت بلوچستان کی مغربی جبکہ شام کے وقت سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور اتوار کو پارہ دوبارہ 36ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق صوبے بھر میں موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے، جمعے کو دیہی سندھ میں سب سے زیادہ پارہ مٹھی میں 38.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفرازکے مطابق 25 اپریل سے بارش کا ایک اور سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بلوچستان اور سندھ کے وہ اضلاع جو بلوچستان کے قریب ہیں وہ بارش کے زیر آسکتے ہیں۔

سردار سرفرازکے کا مزید کہنا تھا کہ نئے سسٹم کے تحت کراچی میں بارش کے فی الحال امکانات دکھائی نہیں دے رہیں تاہم سسٹم کے قریب آنے پرصورت حال واضح ہوسکے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں