ذہنی طور پر کٹھن نوکری دماغی بیماری سے بچا سکتی ہے تحقیق
اوسلو یونیورسٹی ہاسپٹل میں کی جانے والی تحقیق میں 305 مختلف نوکریوں سے تعلق رکھنے والے 7000 افراد کا جائزہ لیا گیا
ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ذہنی طور پر کٹھن نوکری آپ کے ڈیمینشیا کے مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات کو کم کر سکتی ہے۔
ناروے کے اوسلو یونیورسٹی ہاسپٹل میں کی جانے والی تحقیق میں محققین نے 305 مختلف روزگار سے تعلق رکھنے والے 7000 افراد کا جائزہ لیا۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ نوکری پر دماغ پر جتنا زیادہ زور دیا جاتا ہے بعد کی زندگی میں سوچنے اور یاد داشت کے مسائل کا سامنا کرنے کے امکانات اتنے ہی کم ہوسکتے ہیں۔
جرنل نیورولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ وہ نوکریاں جو ذہن کو متحرک کرتی ہیں لیکن ان میں تکرار نہیں ہوتی، دماغ کے لیے مفید ہوتی ہیں۔ جبکہ صفائی جیسا کام کرنے والے افراد کو اس عارضے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔
محققین نے مطالعے میں شریک افراد کا ان کی نوکریوں کے سبب دماغی فعالیت کا معائنہ کیا اور نتائج کی بنا پر ان کو چار گروہوں میں تقسیم کیا۔
تجزیے میں معلوم ہوا کہ وہ افراد جن کی نوکریوں میں دماغ پر کم زور پڑتا تھا ان کے سوچنے سمجھنے کے معمولی مسائل میں مبتلا ہونے کے امکانات 42 فی صد زیادہ تھے۔
جبکہ وہ افراد جن کو نوکری میں دماغی صلاحیتوں کے استعمال کا تقاضہ زیادہ تھا ان کو ان مسائل کا سامنا کرنے کے امکانات 27 فی صد تھے۔