جاپان کے 2 فوجی ہیلی کاپٹرز سمندر میں گر کر تباہ ہلاکتیں

ہیلی کاپٹرز آبدوز کو تباہ کرنے کی جنگی مشقیں کر رہے تھے


ویب ڈیسک April 21, 2024
حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹرز آبدوز کو تباہ کرنے کی جنگی مشقیں کر رہے تھے، فوٹو: فائل

جاپانی فوج کے دو ہیلی کاپٹرز تربیتی پرواز کے دوران سمندر میں گر کر غرقاب ہوگئے دونوں ہیلی کاپٹرز میں مجموعی طور پر 7 افسران سوار تھے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر دفاع منورو کیہارا نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹرز رات کو آبدوزوں کا مقابلہ کرنے کی مشقیں کر رہے تھے۔ ہیلی کاپٹرز کا ملبہ سمندر پر تیرتا ہوا مل گیا۔

جس سمندری علاقے میں حادثہ پیش آیا وہاں کوئی بحری جہاز یا لڑاکا طیارہ موجود نہیں تھا اس لیے ہیلی کاپٹرز کے تباہ ہونے میں کسی دوسرے ملک کے ملوث ہونے کا امکان نہیں ہے۔

جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس (SDF) کے ترجمان نے دو ہیلی کاپٹرز کے سمندر میں غرقاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صرف ایک اہلکار کو سمندر سے نکالا جا سکا تھا جس نے دوران علاج دم توڑ دیا۔

جاپان کی سیلف ڈیفنس فورس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی زو جزیرے پر ہونے والے اس حادثے میں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹرز میں 7 افسران اور اہلکار سوار تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے لیکن کسی کے بھی زندہ ملنے کی امید معدوم ہوگئی۔ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل اور نومبر میں بھی جاپانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر اور طیارہ حادثے میں مجموعی طور 18 افسران و اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 2022 اور 2019 میں بھی ایسے ہی واقعات ہوئے تھے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں