مسجد اقصی میں دنبے کی قربانی کی کوشش پر 13 یہودی گرفتار

انتہاپسند یہودی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں دنبے یا بکرے کی قربانی کی ترغیب دے رہے ہیں


ویب ڈیسک April 23, 2024
انتہاپسند یہودی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں دنبے یا بکرے کی قربانی کی ترغیب دے رہے ہیں

مسجد اقصیٰ میں قربانی کی رسم کی ادائیگی کے لیے دنبے اور بکروں کو چھپا کر مسجد اقصیٰ لے جانے کی کوشش کے دوران 13 انتہا پسند یہودیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہودیوں کے سخت گیر فرقہ کے انتہاپسند پیروکاروں نے مذہبی تعطیلات کے دوران بکرے اور دنبے کی قربانی کی رسم کو مسجد اقصیٰ کے احاطے ٹیمپل ماؤنٹ میں ادا کرنے کی کوشش کی۔

تاہم پولیس نے ان کوششوں کو ناکام بنادیا اور تھیلوں میں بکرے اور دنبے چھپا کر لے جانے والے 13 یہودیوں کو گرفتار کرلیا جن کی عمریں 13 سے 21 سال کے درمیان ہیں۔

اسرائیلی پولیس نے شہر بھر میں بھی ''پاس اوور قربانی'' کی روک تھام کے لیے چھاپا مار کارروائی کیں اور 4 افراد کو بکرے اور دنبے سمیت حراست میں لے لیا جب کہ 5 سے زائد کو چیک پوسٹ پر قربانی کے جانور چھپا کر لے جاتے ہوئے پکڑا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دنبے یا بکرے کی مسجد اقصیٰ میں ''پاس اوور'' قربانی سے امن عامہ میں بگاڑ اور نظم و ضبط میں خلل پڑ سکتا ہے جو آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ اس لیے یہ گرفتاریاں کی گئیں۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتہا پسندوں کو پلیٹ فارم فراہم نہ کریں جو امن و امان کی خلاف ورزی کا باعث بنتے ہیں۔

یاد رہے کہ انتہاپسند یہودی عوام کو مسجد اقصیٰ کے احاطے میں پاس اوور قربانی کی ترغیب دے رہے ہیں جس پر مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں