سعودیہ سے دیر آنے والی خاتون 22 سالہ نوجوان کے ساتھ لاپتا تلاش شروع
سعودی حکومت کی بازیاب کرانے کی درخواست، وزیراعظم کا سخت نوٹس، خاتون نوجوان سے دوستی کی وجہ سے پاکستان آئی، ذرائع
سعودی عرب سے دیر لوئر آئی 37 سالہ خاتون 22 سالہ نوجوان احد کے ساتھ لاپتا ہوگئی، سعودی حکومت کی درخواست پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے بازیاب کرانے کا حکم جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب سے خیبر پختون خوا کے علاقے خاراڑی دیر لوئر دوست کے ہاں آئی ہوئی 37 سالہ خاتون اپنے دوست سمیت لاپتا ہوگئی جس کی پولیس نے مستعدی کے ساتھ تلاش شروع کردی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ 37 سالہ سعودی خاتون بینک میں آفیسر ہے، دیر لوئر کا 22 سالہ احد نامی نوجوان خاتون کے ساتھ ڈرائیور تھا، سعودی خاتون 25 رمضان المبارک کو دیر لوئر آئی تھی تاحال وہ ڈرائیور سمیت لاپتا ہے، سعودی عرب حکومت نے پاکستانی حکومت سے خاتون کا سراغ لگانے کی درخواست کی ہے۔
اسی ضمن میں وزیراعظم نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کو فوری طور پر خاتون کو بازیاب کرانے کا حکم جاری کردیا۔ دیر لوئر کے نوجوان احد کے خلاف اسلام آباد پولیس نے اغوا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد پولیس نفری کے ساتھ گزشتہ روز سے دیر لوئر میں موجود ہے، دیر لوئر پولیس کی بھاری نفری اور افسران سعودی خاتون کی تلاش میں مصروف ہیں، ابھی تک سعودی خاتون اور لڑکے کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی خاتون کی دیر لوئر کے رہائشی نوجوان سے دوستی ہوگئی تھی اور سعودی خاتون دوستی کی خاطر ہی دیر لوئر آئی تھی۔