این اے 148 ملتان میں ضمنی انتخاب کیلیے پولنگ کا وقت ختم ووٹوں کی گنتی جاری
پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار تیمور مہے کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے
ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 148 میں ضمنی انتخاب میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
حلقہ این اے 148 ملتان میں8 امیدواران انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار تیمور مہے کے مابین کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے 275 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 69 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
حساس پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور رینجرز کے جوان گشت پر مامور ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
ماضی میں اس حلقے سے یوسف رضا گیلانی، سکندر حیات بوسن اور احمد حسین ڈیہڑ منتخب ہوچکے ہیں۔ 8 فروری کے الیکشن میں بھی اس حلقے سے یوسف رضا گیلانی نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم یوسف رضا گیلانی کے چیئرمین سینیٹ بننے کے بعد اس حلقے میں ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔