پنجاب میں شدید گرمی 25 مئی سے اسکولوں کی چھٹیوں کا فیصلہ

اسکولوں کو 25 سے 31 مئی تک بند کرنے کا مراسلہ جاری، موسم گرما کی عام تعطیلات یکم جون سے شروع ہوں گی


ویب ڈیسک May 20, 2024
(فوٹو: فائل)

پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے باعث اسکولوں کی تعطیلات 25 مئی سے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


محکمہ تعلیم اسکولز ونگ نے شدید گرمی کی لہر کے دوران اور ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام سرکاری ونجی اسکولوں کو 25 سے 31 مئی تک بند کرنے کا مراسلہ جاری کردیا جب کہ موسم گرما کی عام تعطیلات یکم جون سے شروع ہوں گی۔


قبل ازیں وزیر تعلیم پرائمری ایجوکیشن نے نجی اسکولز کو امتحانات کی وجہ سے استثنا دیا تھا۔ صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر کیا ہے جس پر انہوں نے عوامی رائے کو ملحوظ خاطر رکھا ہے۔ مراسلے کی روشنی میں اب موسم گرما کی عام تعطیلات یکم جون کے بجائے 25 مئی ہی سے شروع ہوجائیں گی جو 14 اگست تک جاری رہیں گی۔


صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ہیٹ ویو کے پیش نظر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر طلبہ کے والدین سے چھٹیوں سے متعلق سے رائے مانگی تھی، جس پر تقریباً 7 ہزار سے زیادہ افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا، جن میں سے 96 فی صد نے فوری طور پر اسکولوں میں چھٹیاں کرنے کا مطالبہ کیا۔


انہوں نے کہا کہ طلبہ کو موسم کی شدت کے اثرات سے بچانا اولین ترجیح ہے۔ امتحانات والے نجی اسکولوں کو کھلے رکھنے کی مشروط اجازت ہوگی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں