چین کے پرائمری اسکول میں چاقو بردار خاتون کا طلبا پر حملہ 2 ہلاک اور 10 زخمی

زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے


ویب ڈیسک May 20, 2024
چین میں پرائمری اسکول کے بچوں پر چاقو بردار خاتون کا حملہ؛ 2 ہلاک اور 10 زخمی

چین کے وسطی صوبے جیانگسی کے شہر گوئیسی میں واقع ایک پرائمری سکول میں چاقو بردار 45 سالہ خاتون نے اندر گھس کر بچوں اور اساتذہ پر حملہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون نے پھل کاٹنے والے چاقو سے حملہ کیا۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا جب کہ جائے وقوعہ سے ایک درجن سے زائد افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال پہنچ کر دو زخمیوں نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جب کہ 4 افراد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ 6 افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

پولیس نے زیر حراست خاتون کی شناخت عرفیت ''پان'' کے نام سے ظاہر کی ہے۔ تفتیشی عمل جاری ہے تاہم اب تک واقعے کے محرکات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔

اس واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان میں کتنے طالب علم تھے۔

تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کئی بچوں کو خون کے دھبے لگے اسکول یونی فارم میں زمین پر بے سدھ لیٹے دیکھا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں